ممبئی: بالی وڈ کی معروف اور سپر ہٹ اداکارہ کرینہ کپور نے اعتراف کیا ہے کہ اداکاری کے شعبے میں آنے کیلئے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنے کا فیصلہ انہیں آج بھی افسوس میں مبتلا کرتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے گیارہویں جماعت کے بعد اپنی تعلیم جاری نہیں رکھی اور فلمی دنیا میں قدم رکھنے کو ترجیح دی۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی تعلیم کبھی مکمل نہیں کی اور یہ بات زندگی میں کسی نہ کسی صورت ان کے ساتھ رہی۔ ان کے مطابق ان کے پاس تعلیم جاری رکھنے کا موقع موجود تھا، تاہم انہوں نے فلموں میں کام کرنے کا فیصلہ کیا اور گیارہویں جماعت کے بعد مزید تعلیم حاصل نہیں کی۔
کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ بعض لوگ ان کے اس فیصلے کا مذاق اڑا سکتے ہیں یا اس پر مختلف تبصرے کرسکتے ہیں، لیکن اس وقت ان کیلئے سب سے اہم بات بطور اداکارہ خود کو منوانا تھی۔
انہوں نے کہا کہ اداکاری وہ کام تھا جسے وہ دل سے کرنا چاہتی تھیں، اسی لیے انہوں نے فلمی دنیا کو اپنے کیریئر کے طور پر منتخب کیا۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہیں یہ احساس رہا کہ اگر وہ اپنی تعلیم مکمل کرلیتیں تو بہتر ہوتا۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ تعلیم ادھوری چھوڑنے پر انہیں افسوس ضرور ہے، تاہم اداکاری کے شعبے میں اپنے فیصلے اور کامیابیوں کو بھی وہ اپنی زندگی کا اہم حصہ سمجھتی ہیں۔
کرینہ کپور نے گفتگو کے دوران اپنے دونوں بیٹوں تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان کے مستقبل کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے بیٹے بڑے ہوکر اپنی دلچسپی اور شوق کے مطابق کیریئر کا انتخاب کریں، تاہم اس سے پہلے وہ اپنی تعلیم مکمل کریں۔
کرینہ کپور نے کہا کہ بچوں کو اپنی زندگی میں وہ کام کرنا چاہیے جو ان کے دل کے قریب ہو، لیکن تعلیم کو ادھورا چھوڑنے کے بجائے پہلے اپنی تعلیم مکمل کرنا زیادہ بہتر ہے، اس کے بعد وہ اپنے شوق اور پسند کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کریں۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور نے بالی وڈ میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کم عمری میں کیا اور بعد ازاں متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کرکے بھارتی فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراؤں میں جگہ بنائی۔
اداکاری کیلئے تعلیم ادھوری چھوڑنے پر کرینہ کپور کو آج بھی افسوس، بیٹوں کیلئے اہم نصیحت بھی کردی
1