پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں سات روز کی توسیع کر دی ہے۔ اس کے تحت ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلی، دھرنے اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔

دفعہ 144 کے مطابق چار یا اس سے زائد افراد کا کسی بھی عوامی مقام پر جمع ہونا مکمل طور پر ممنوع ہے۔ اس کے علاوہ، ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے یہ واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت پنجاب نے دہشت گردی اور امن عامہ کے خدشات کے پیش نظر یہ اقدامات کیے ہیں۔

پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا، جبکہ سرکاری فرائض انجام دینے والے افسران و اہلکار اور عدالتیں پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبہ کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ نے عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ ہفتہ، 15 نومبر تک دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر عوامی جلوس اور دھرنے دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں، اور شرپسند عناصر عوامی احتجاج کا فائدہ اٹھا کر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

Related posts

پنجاب حکومت کا اعلیٰ بیوروکریسی میں بڑا ردوبدل، متعدد ڈپٹی کمشنرز، ڈی جیز اور سیکرٹریز کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری

پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 1466 ٹریفک حادثات، 14 افراد جاں بحق، 1744 زخمی

نیب لاہور آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس سرکاری اراضی کی واگزاری، حکومتی ملکیت کی بحالی اور آئندہ حکمتِ عملی پر اہم فیصلے