لاہور: پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1466 روڈ ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن پر ریسکیو 1122 نے بروقت امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ ترجمان ریسکیو فاروق احمد کے مطابق حادثات کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 1744 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 803 افراد کو شدید نوعیت کے زخم آئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ دی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق زخمیوں میں 1378 مرد اور 366 خواتین شامل ہیں۔ حادثات میں مختلف اقسام کی گاڑیاں متاثر ہوئیں جن میں 1570 موٹرسائیکلیں، 90 رکشے اور 153 کاریں شامل ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار سب سے زیادہ حادثات کا شکار ہوئے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات لاہور میں رپورٹ ہوئے جہاں 245 واقعات پیش آئے۔ اس کے بعد ملتان میں 102 اور فیصل آباد میں 95 حادثات ریکارڈ کیے گئے۔
لاہور حادثات میں سرِفہرست
صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 245 ٹریفک حادثات پر ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔ ان حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 287 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق 111 شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 176 معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خاص طور پر موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق پنجاب میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویش کا باعث ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے عوامی آگاہی کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد بھی ناگزیر ہے۔