ہریتک روشن اور رجنی کانت 40 سال بعد دوبارہ ایک ساتھ پردۂ سیمیں پر جلوہ گر ہوں گے

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے مداحوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں بالی وڈ سپر اسٹار ہریتک روشن اور جنوبی بھارت کے لیجنڈ اداکار رجنی کانت تقریباً چار دہائیوں بعد ایک بار پھر ایک ہی فلم میں نظر آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رجنی کانت کی بلاک بسٹر فلم “جیلر” کے سیکوئل “جیلر 2” میں ہریتک روشن کو ایک اہم کردار کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ فلم ساز اس انٹری کو غیر معمولی اور یادگار بنانے کے لیے خصوصی تیاریاں کر رہے ہیں، جبکہ ہریتک کے کردار کے لیے علیحدہ میوزیکل تھیم بھی تیار کی جا رہی ہے تاکہ ان کی اسکرین پر آمد کو مزید شاندار بنایا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق “جیلر 2” کی سب سے بڑی خاص بات رجنی کانت اور ہریتک روشن کی مشترکہ موجودگی ہوگی، جو تقریباً 40 سال بعد ایک بار پھر بڑے پردے پر ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔ اس خبر نے نہ صرف بالی وڈ بلکہ جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے مداحوں میں بھی زبردست جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہریتک روشن نے اپنے بچپن میں 1986 کی مشہور ایکشن ڈرامہ فلم “بھگوان دادا” میں رجنی کانت کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس فلم میں ہریتک نے رجنی کانت کے بیٹے کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ اس وقت وہ بطور چائلڈ آرٹسٹ فلمی دنیا میں قدم رکھ رہے تھے۔ اب تقریباً چار دہائیوں بعد دونوں اداکار ایک بار پھر ایک ہی فلم کا حصہ بننے جا رہے ہیں، تاہم اس بار ہریتک ایک مکمل سپر اسٹار کی حیثیت سے اسکرین شیئر کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق “جیلر 2” کی باقاعدہ شوٹنگ رواں ماہ 22 یا 23 جون سے چنئی میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں، تاہم فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہریتک روشن کا کردار کہانی میں اہم موڑ پیدا کرے گا۔

فلمی ناقدین کے مطابق رجنی کانت اور ہریتک روشن کی مشترکہ موجودگی “جیلر 2” کو سال کی سب سے زیادہ متوقع فلموں میں شامل کر سکتی ہے۔ دونوں اداکار اپنے اپنے شعبوں میں غیر معمولی مقبولیت رکھتے ہیں، جس کے باعث مداح اس تاریخی اشتراک کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

Related posts

ہریتک روشن اور رجنی کانت 40 سال بعد دوبارہ ایک ساتھ پردۂ سیمیں پر جلوہ گر ہوں گے

دو سو کروڑ روپے منی لانڈرنگ کیس: جیکولین فرنینڈس سمیت 15 افراد پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

بھارت کی جنوبی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار جے نے اسلام قبول کرلیا