عامر خان کی تیسری شادی کے بعد سلمان خان کا پرانا مزاحیہ تبصرہ پھر وائرل

ممبئی: بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کا معروف کامیڈی شو دی کپل شرما شو میں کیا گیا ایک پرانا مزاحیہ تبصرہ اداکار عامر خان کی حالیہ شادی کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے، جہاں مداح اس کلپ کو بڑے شوق سے شیئر کر رہے ہیں۔

وائرل ہونے والے کلپ میں شو کے میزبان کپل شرما، سلمان خان سے گفتگو کے دوران کہتے ہیں کہ عامر خان نے اپنی گرل فرینڈ سے سب کو متعارف کروا دیا ہے، جبکہ آپ ان سے صرف چھ ماہ چھوٹے ہیں، لیکن وہ مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں اور آپ ابھی تک شادی نہیں کر رہے۔

اس پر سلمان خان نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا، “دیکھو، عامر کی بات ہی کچھ اور ہے۔ وہ ایک بہترین شخصیت ہیں اور پوری دنیا جانتی ہے کہ وہ پرفیکشنسٹ ہیں۔ جب تک وہ شادی کو بالکل پرفیکٹ نہیں کر لیتے، وہ شادیاں کرتے رہیں گے۔”

سلمان خان کے اس جملے پر اُس وقت بھی حاضرین خوب محظوظ ہوئے تھے، تاہم اب عامر خان کی حالیہ شادی کے بعد یہ کلپ دوبارہ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔ مداح اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں اور سلمان خان کی حسِ مزاح کو سراہ رہے ہیں۔

دوسری جانب عامر خان کی نجی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق عامر خان نے اتوار کے روز ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ایک سادہ اور نجی تقریب میں گوری سپراٹ سے شادی کی۔ تقریب میں صرف قریبی عزیزوں اور دوستوں نے شرکت کی، جبکہ شادی کی تصاویر اور چند ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر سامنے آچکی ہیں۔

عامر خان کی شادی کے بعد جہاں مداح انہیں مبارکباد دے رہے ہیں، وہیں سلمان خان کا برسوں پرانا مزاحیہ تبصرہ بھی دوبارہ موضوعِ بحث بن گیا ہے اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔

Related posts

علی ظفر نے کینیڈا میں تاریخ رقم کردی، 45 ہزار سے زائد مداحوں کی شرکت سے نیا ریکارڈ قائم

ہریتک روشن اور رجنی کانت 40 سال بعد دوبارہ ایک ساتھ پردۂ سیمیں پر جلوہ گر ہوں گے

دو سو کروڑ روپے منی لانڈرنگ کیس: جیکولین فرنینڈس سمیت 15 افراد پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ