کنگنا رناوت کا بھارت کی جین زی کو ’گٹر جنریشن‘ قرار دینے والے اپنے سابقہ بیان سے یوٹرن

نئی دہلی: بالی وڈ اداکارہ اور بھارتی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے بھارت کی جین زی کو ’گٹر جنریشن‘ قرار دینے والے اپنے سابقہ بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے نوجوان نسل کو ملک کی سب سے بڑی طاقت اور قوم کا عظیم اثاثہ قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے چند روز قبل نئی دہلی کے جنتر منتر پر طلبہ کے احتجاج کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے احتجاج میں شریک نوجوانوں اور جین زی کے طرزِ فکر پر سخت تنقید کرتے ہوئے نئی نسل کو ’گٹر جنریشن‘ قرار دیا تھا۔

کنگنا کے اس بیان پر بھارت میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا، جبکہ بالی وڈ سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے بھی اداکارہ کے مؤقف پر تنقید کی۔

تنقید کے بعد اب کنگنا رناوت نے اپنے سابقہ مؤقف کے برعکس جین زی کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ جنریشن زی بھارت کی طاقت اور قوم کا عظیم اثاثہ ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ ملک کے نوجوان تیزی سے اپنی ثقافت اور اس کی شناخت کے سفیر کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔

کنگنا نے نوجوانوں کے ثقافتی رجحانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ ملک کی نئی نسل اپنی ثقافتی شناخت سے جڑ رہی ہے اور اسے اپنانے کی جانب بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں موہن بھاگوت کو سننے کا موقع بھی ملا، جن کا وہ انتہائی احترام کرتی ہیں۔ کنگنا کے مطابق یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ ملک کے نوجوان ان شخصیات اور اپنی ثقافتی شناخت کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔

کنگنا رناوت کے تازہ بیان کو ان کے چند روز قبل دیے گئے سخت مؤقف کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے جین زی کو ’گٹر جنریشن‘ قرار دیا تھا۔

یوں چند ہی روز میں اداکارہ کے بیان میں نمایاں تبدیلی سامنے آئی ہے؛ پہلے جہاں انہوں نے نوجوان نسل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، وہیں اب اسی جین زی کو ملک کی سب سے بڑی طاقت، قوم کا عظیم اثاثہ اور ثقافتی شناخت کا سفیر قرار دے رہی ہیں۔

کنگنا رناوت ماضی میں بھی اپنے متنازع سیاسی اور سماجی بیانات کے باعث خبروں میں رہتی رہی ہیں، جبکہ ان کے بیانات پر بھارتی سوشل میڈیا اور فلمی صنعت میں اکثر بحث اور تنقید دیکھنے میں آتی ہے۔

Related posts

کنگنا رناوت نے نئی دہلی میں طلبہ کے احتجاج کے بعد بھارتی جین زی (Gen Z) نسل پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں “جنریشن گٹر” قرار دے

عروبہ مرزا نے بھی رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ پر سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے اور ناپسندیدہ پیغامات بھیجنے کا الزام عائد کر دیا

بھارتی گلوکار اور ریپر Badshah کی اہلیہ، اداکارہ Esha Rakhi کی ایک اور مبہم سوشل میڈیا پوسٹ