20 ہزار کلومیٹر رینج اور بیک وقت کئی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت، چین نے جدید میزائل متعارف کروادیا

بیجنگ: چین نے دوسری عالمی جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ پریڈ میں مائع ایندھن سے چلنے والے جدید بین البر اعظمی اسٹریٹجک جوہری میزائل DF-5C کو پہلی مرتبہ عوام کے سامنے پیش کردیا۔

چینی میڈیا کے مطابق یہ نیا میزائل اپنی غیر معمولی رینج کے باعث پوری دنیا میں کسی بھی مقام کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

ماہرین نے چینی میڈیا کو بتایا کہ DF-5C کی رینج 20 ہزار کلومیٹر سے زائد ہے اور یہ دفاعی نظام کو چکمہ دینے اور انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس میزائل کی ایک بڑی خصوصیت اس کی نئی ساخت ہے، اسے 3 حصوں میں 3 مختلف گاڑیوں کے ذریعے منتقل کیا جا سکتا ہے، جس سے لانچ کے لیے اس کی تیاری میں وقت کم لگتا ہے۔

اس میزائل کو 3 حصوں میں 3 مختلف ٹرانسپورٹز کے ذریعے منتقل کیاجاتا ہے— فوٹو: رائٹرز

ماہرین کا کہنا ہے کہ DF-5C کی غیر معمولی رینج کا مطلب یہ ہے کہ چین کے پاس دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود ایسے فوجی اہداف پر جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت موجود ہے جو اس کے لیے جوہری خطرہ بن سکتے ہیں۔

 یہ میزائل آواز سے کئی گنا زیادہ تیزی سے پرواز کرتا ہے جس سے موجودہ میزائل دفاعی نظاموں کو اس کا جواب دینے کے لیے انتہائی کم وقت ملتا ہے۔

یہ میزائل ایک ساتھ کئی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، اس میں جوہری یا روایتی وار ہیڈز نصب کیے جا سکتے ہیں، اس کے علاوہ یہ ڈمی وار ہیڈ بھی لے جا سکتا ہے جس سے دفاعی نظام کے لیے اس کو روکنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔

چین کا یہ میزائل گائنڈنس کے حوالے سے جدید ترین ٹیکنالوجیز  سے لیس ہے جن میں بیڈو نیوی گیشن سسٹم بھی شامل ہے جس کی مدد سے یہ میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

Related posts

دورۂ چین کے دوران امریکی وفد نے سخت سائبر سکیورٹی اقدامات اپناتے ہوئے چینی حکام کی جانب سے دی گئی تمام اشیا چین میں ہی چھوڑ دیں

پاکستان کی ثالثی میں امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات تاحال ناکام نہیں ہوئے،عباس عراقچی

ٹرمپ اور شی جن پنگ کی تاریخی ملاقات، عالمی بحرانوں کے حل کیلئے سفارت کاری پر زور