سعودیہ اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ قطر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، سعودی ولی عہد کا امیر قطر کو ٹیلی فون

ریاض: سعودی عرب نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ 

سعوری خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی حکومت نے کہا ہے کہ مملکت اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ برادر ملک قطر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

 سعودی عرب نے خبردار کیا کہ اسرائیلی کی جانب سے مسلسل جرائم کے ارتکاب اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جارحیت کی مذمت کرے اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ 

سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد نے قطر پر اسرائیلی حملے کو مجرمانہ فعل اور بین الاقوامی قوانین و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ 

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت قطر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے برادر ملک کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ میں اس کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

خیال رہےکہ اسرائیل فوج نے آج قطری دار الحکومت دوحا میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر کو نشانہ بنایا۔عرب میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے وقت دفتر میں حماس کی اعلیٰ قیادت موجود تھی جو غزہ جنگ بندی معاہدے پر غور کررہی تھی۔

Related posts

دورۂ چین کے دوران امریکی وفد نے سخت سائبر سکیورٹی اقدامات اپناتے ہوئے چینی حکام کی جانب سے دی گئی تمام اشیا چین میں ہی چھوڑ دیں

پاکستان کی ثالثی میں امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات تاحال ناکام نہیں ہوئے،عباس عراقچی

ٹرمپ اور شی جن پنگ کی تاریخی ملاقات، عالمی بحرانوں کے حل کیلئے سفارت کاری پر زور