ٹرمپ کی ایران کو سخت دھمکی، قتل کی کوشش کی صورت میں ’’ملک تباہ‘‘ کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو انتہائی سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایرانی حکومت نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی تو امریکا ایران کو مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران جب صدر ٹرمپ سے ایران کی جانب سے مبینہ دھمکیوں سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران ایسا کوئی قدم اٹھائے گا، تاہم اس حوالے سے وہ پہلے ہی ایک نوٹیفکیشن تیار کر چکے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران کی جانب سے ان پر حملہ کیا گیا یا انہیں قتل کیا گیا تو امریکا کی جانب سے ردعمل انتہائی سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایسی کسی بھی صورت میں ایران کو مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔ حال ہی میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ ایران میں ہونے والے حالیہ مظاہروں کے دوران جانی و مالی نقصانات کے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔

دوسری جانب چند روز قبل امریکا کے سابق سفیر ڈان شپیرو نے ایک دعویٰ کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس بیان کے بعد خطے میں سیاسی اور سفارتی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کے حالیہ بیانات امریکا اور ایران کے تعلقات میں مزید تناؤ پیدا کر سکتے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر بھی ان بیانات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

Related posts

یورپ شدید گرمی کی لپیٹ میں، اسپین میں 212 ہلاکتیں، فرانس میں 80 سالہ درجہ حرارت کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

ایران نے امریکی دھمکیوں کے بعد مذاکرات ختم کر دیے، باقر قالیباف نے اندرونی تفصیلات بیان کر دیں

کیئر اسٹارمر کا پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان، نئے قائد کے انتخاب تک عہدے پر برقرار رہیں گے