اسلام آباد: پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور پاک ایران تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان گزشتہ روز ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں ہونے والی اہم پیش رفت اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹیلیفونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال خصوصی اہمیت اختیار کرچکی ہے اور پاکستان کی جانب سے علاقائی امن کے لیے سفارتی و سیاسی کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو ایران کا دورہ کریں گے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا دورہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ دورے کے دوران پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر دورہ ایران کے دوران ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون سے متعلق امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کے رابطوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دینا ہے، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو بھی آگے بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ عرصے میں اعلیٰ سطح کے سفارتی اور سکیورٹی روابط میں اضافہ ہوا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا متوقع دورہ ایران بھی دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کے اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوں گی، جن میں خطے میں امن کے لیے جاری کوششوں اور پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔