اسرائیل کا یمنی دارالحکومت پر فضائی حملہ، صنعا ائیرپورٹ کو مکمل طور پر ناکارہ کرنےکا دعویٰ

تل ابیب: اسرائیلی فوج نے یمنی دارالحکومت صنعا کے بین الاقوامی ائیر پورٹ پر حملے کرکے  ائیرپورٹ کو مکمل طور پر ناکارہ بنانے کا دعویٰ کردیا۔

اسرائیلی فوج نے صنعا ائیرپورٹ کے علاوہ صنعا میں ایک سیمنٹ فیکٹری اور دو بجلی گھروں کو  بھی نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یمنی حوثی صنعا ائیرپورٹ کو ہتھیاروں کی ترسیل کے لیے استعمال کررہے تھے  جبکہ سمینٹ فیکٹری کو زیر زمین سرنگوں اور فوجی انفراسٹرکچر  کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے یمنی دارالحکومت صنعا کا بین الاقوامی ائیرپورٹ فوری خالی کرنے کی وارننگ جاری کی تھی۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اسرائیلی فوج کے ترجمان کے بیان کے ساتھ صنعا کا نقشہ بھی دیا گیا تھا جس میں ائیر پورٹ کو سرخ رنگ سے نشان زد کیا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج کے جاری کردہ نقشے میں صنعا ائیرپورٹ کو سرخ رنگ سے نشان زد کیا گیا تھا

بیان میں کہا گیا تھا کہ نشان زد علاقے میں موجود افراد کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر صنعا ائیرپورٹ کی حدود سے نکل جائیں اور اپنے اطراف موجود افراد کو بھی ائیرپورٹ خالی کرنے کو کہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر لوگ ائیر پورٹ سے نہ نکلے تو وہ خود کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے یہ دھمکی گزشتہ روز یمن پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

اسرائیلی حملے حوثیوں کی جانب سے اسرائیل کے مصروف ترین بن گوریون ائیرپورٹ کو میزائل حملے کا نشانہ بنانے کے بعد کیے گئے تھے۔

Related posts

آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بحال کرنے کا مطالبہ، فرانسیسی صدر میکرون کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ

آبنائے ہرمز کے معاملے پر صدر ٹرمپ کی نیٹو کو سخت وارننگ، اتحادیوں سے بحری مدد کا مطالبہ

اماراتی صدر محمد بن زاید اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں کشیدگی فوری ختم کرنے پر زور