آئی ایس پی آر کا بھارتی آرمی چیف کے بیان پر سخت ردعمل، خطے کو جنگ سے بچانے پر زور

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندرا دویویدی کے حالیہ بیان کو اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار، تسلیم شدہ ایٹمی طاقت اور جنوبی ایشیا کا اہم ملک ہے جس کے وجود سے انکار ممکن نہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی آرمی چیف کے ریمارکس اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ بھارتی قیادت آج بھی پاکستان کے قیام کی حقیقت کو تسلیم کرنے میں ناکام ہے۔ بیان کے مطابق ہندوتوا نظریے پر مبنی متکبرانہ سوچ ماضی میں بھی خطے کو کئی جنگوں اور بحرانوں کی طرف دھکیل چکی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کسی خودمختار ایٹمی ریاست کو جغرافیے سے مٹانے کی بات کرنا نہ سفارتی زبان ہے اور نہ ہی ذمہ دارانہ طرزِ عمل۔ یہ بیانات ذہنی انتہا پسندی اور جنگی جنون کی علامت ہیں، جبکہ سنجیدہ ایٹمی ریاستیں تحمل، تدبر اور اسٹریٹیجک دانشمندی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بھارت پر خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے، سرحد پار کارروائیوں اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کے الزامات بھی عائد کیے۔ بیان میں کہا گیا کہ نئی دہلی کی جارحانہ پالیسی دراصل پاکستان کو نقصان پہنچانے میں ناکامی کی مایوسی کا نتیجہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے خبردار کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کے نتائج صرف دوطرفہ سطح تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں۔ بیان میں بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ کشیدگی بڑھانے کے بجائے پُرامن بقائے باہمی اور علاقائی استحکام کا راستہ اختیار کرے۔

Related posts

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

وانا میں خطاب: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دوٹوک مؤقف — “پائیدار امن دہشت گردی کے خاتمے سے مشروط”