راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاکستان کی مغربی سرحدوں پر تعینات اگلے مورچوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افسران اور جوانوں کے ساتھ عید منائی اور ان کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ تیاری کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے جوانوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ وطن عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کے غیر معمولی حوصلے، غیر متزلزل عزم، اعلیٰ آپریشنل تیاری اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل چوکسی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔
فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم قوم اور مسلح افواج متحد ہو کر ان سازشوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کوئٹہ میں حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کارروائی کے پیچھے بھارتی حمایت یافتہ “فتنہ الہندوستان” اور اس کے سہولت کار نیٹ ورکس ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بزدلانہ اور غیر انسانی حملے نہ تو پاک فوج کے عزم کو متزلزل کر سکتے ہیں اور نہ ہی پاکستانی قوم کے حوصلے پست کر سکتے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
دورے کے دوران جوانوں نے فیلڈ مارشل کے ساتھ عید منانے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔