اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا، جبکہ دشمن ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر کی تمام سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹ افسران سے خطاب کیا۔ کورس میں پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ سمیت تینوں مسلح افواج کے افسران شریک تھے۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت، قومی سلامتی کو درپیش جدید چیلنجز اور ہائبرڈ وارفیئر کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے ادارے مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کو ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق تیار کر رہے ہیں، جو قومی سلامتی کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرپرستی میں سرگرم پراکسی عناصر پاکستان کے امن اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو ریاست اپنی پوری طاقت سے کچل دے گی اور دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کے عزائم اور انٹیلی جنس سرگرمیوں سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور قوم کی بھرپور حمایت سے ملک دشمن عناصر کے تمام ٹھکانوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ موجودہ دور کے پیچیدہ اسٹریٹیجک چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک بصیرت، پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط ادارہ جاتی صلاحیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگیں محض بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے ذریعے جیتی جاتی ہیں۔