پاکستان کا سوشل میڈیا کمپنیوں سے دہشتگردوں کے زیر استعمال گمنام آئی ڈیز بلاک کرنے کا مطالبہ

پاکستان نے سوشل میڈیا آپریٹرز سے دہشت گردوں کے زیر استعمال گمنام آئی ڈیز بلاک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف مضبوط مورچہ ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا ہم دہشت گردوں کے اکاؤنٹس بلاک کرنا چاہتے ہیں، ہم سوشل میڈیا آپریٹر سے درخواست کررہے ہیں کہ وہ ہم سب سے تعاون کریں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ ان اکاونٹس سے متعلق معلومات شیئر کی جائیں، جو اکاونٹس بتائے ہیں وہ تمام دہشت گرد گروپوں کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ یہ اکاؤنٹس افغانستان سے یا کہاں سے آپریٹ ہو رہے ہیں، یہ اکاونٹس گمنام ناموں اور گمنام آئی ڈیز کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا پاکستان دہشت گردی سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے، پاکستان کو دہشت گردی میں نہ صرف جانی بلکہ بھاری مالی نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے دفاتر قائم ہونے کا خیر مقدم کریں گے، بہت سے دہشت گرد گروپ ناصرف پاکستان بلکہ اقوام متحدہ کی فہرست میں بھی کالعدم ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا طلال چوہدری نے نشاندہی کی تھی کہ یہ دہشت گرد گروپ واٹس ایپ چلارہے ہیں، یہ دہشت گرد گروپ ہمارے ملک، معاشرے اور پوری دنیا کے لیے خطرہ ہیں، پاکستان میں استعمال ہونے والے ان اکاونٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جو ان دہشت گرد گروپوں کے ہیں۔

بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا ہم زور دیتے ہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ناصرف ان اکاؤنٹس کی نشاندہی کرے بلکہ ان کو بلاک کرے، ہم دہشت گردوں کے مزید سوشل میڈیا اکاونٹس کی نشاندہی کر رہے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں مضبوطی سے کھڑا ہے۔

Related posts

نئی دہلی میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی 821 تک پہنچ گئی، لاہور میں اے کیو آئی 221 ریکارڈ، کل مزید اضافے کا امکان

وزیراعظم ہاؤس میں پہلی بار دیوالی کی خصوصی تقریب، شہباز شریف نے ہندو برادری کے ہمراہ کیک کاٹا

محسن نقوی کا بلاول سے ملاقات میں پیپلز پارٹی کو اہم اتحادی قرار، نظام پی پی کے بغیر نہیں چل سکتا