اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کی دستخطی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اہم تقریب جینیوا میں منعقد ہوگی، جہاں وزیراعظم ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ شریک ہوں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریب میں مختلف ممالک کے نمائندوں اور عالمی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے، جبکہ معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے کا اعلان کرتے ہوئے اسے ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا تھا۔ اپنے بیان میں انہوں نے معاہدے پر فریقین کو مبارکباد دی اور کہا کہ آبنائے ہرمز کو تمام بین الاقوامی بحری جہازوں کے لیے بلا معاوضہ کھول دیا گیا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق ایرانی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد عالمی تجارتی اور تیل بردار جہاز معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی ترسیل کی بحالی معاشی استحکام کے لیے اہم ثابت ہوگی۔
دوسری جانب ایران نے بھی امریکا کے ساتھ ہونے والے امن معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔ مبصرین کے مطابق معاہدے کے نتیجے میں نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور علاقائی امن کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
سیاسی و سفارتی حلقے اس معاہدے کو عالمی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جبکہ جینیوا میں ہونے والی تقریب کو اس تاریخی عمل کا باضابطہ اور فیصلہ کن مرحلہ تصور کیا جا رہا ہے۔