لاہور: مشیر وزیراعلیٰ پنجاب و چیئرمین مذہبی امور کمیٹیِ دربار حضرت داتا گنج بخشؒ علی ڈار کی زیر صدارت داتا دربار میں غسلِ مزار کی سالانہ تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلال یاسین، سیکرٹری اوقاف اور مختلف انتظامی و سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران دربار حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ میں منعقد ہونے والی غسلِ مزار کی تقریب کے حوالے سے سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، زائرین کی سہولیات، طبی امداد اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکاء کو تقریب کے انتظامات اور جاری تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر علی ڈار نے کہا کہ دربار حضرت داتا گنج بخشؒ پنجاب ہی نہیں بلکہ پورے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک عظیم روحانی، دینی اور تاریخی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس مقام کے تقدس کو برقرار رکھنا اور یہاں آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے بھر کے مذہبی، تاریخی اور روحانی مراکز کی بہتری، بحالی اور ترقی کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین کو جدید اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔
علی ڈار نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ غسلِ مزار کی تقریب کو شایانِ شان انداز میں منعقد کرنے کے لیے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، صفائی کے مؤثر نظام، پینے کے صاف پانی، طبی سہولیات اور زائرین کی آسان آمدورفت کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب زائرین کو محفوظ، پرسکون اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صوبائی وزیر بلال یاسین اور سیکرٹری اوقاف نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گے اور غسلِ مزار کی تقریب کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر علی ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ دینی و تاریخی ورثے کی حفاظت، ترقی اور فروغ پنجاب حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور داتا دربار جیسے عظیم روحانی مراکز کی خدمت کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔