ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران اللہ تعالیٰ نے پاکستان سے اہم کام لیا،اسحاق ڈار

لاہور: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران اللہ تعالیٰ نے پاکستان سے اہم کردار لیا، جس کے باعث آج دنیا پاکستان کو امن کے قیام اور تنازعات کے حل میں مثبت کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

لاہور میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کو غسل دینے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے اور عالمی برادری اسے امن کے علمبردار کے طور پر جانتی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ایران پر حملے کی پاکستان نے سب سے پہلے اور واضح انداز میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا رہا اور برادر اسلامی ملک کے خلاف کارروائی پر سخت مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسلامی دنیا میں پاکستان نے اس معاملے پر نمایاں اور دوٹوک موقف اپنایا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مشکلات کا شکار معیشت کو سہارا دیا اور اسے بہتری کی جانب گامزن کیا۔ اب پاکستان کا اگلا ہدف معاشی قوت بننا ہے اور اس مقصد کے لیے حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے عوام سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور مستقبل میں یہاں تیل اور سونے سمیت دیگر وسائل کے ذخائر بھی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ آج دنیا کا ہر ملک پاکستان کو جانتا اور اس کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور ایسے خواب دیکھنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اسحاق ڈار نے قومی سلامتی کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان کی طرف بری نگاہ سے دیکھنے کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں تمام ممالک کے ساتھ برابری اور احترام کے اصول پر یقین رکھتا ہے اور چھوٹے بڑے ہر ملک کو یکساں اہمیت دیتا ہے۔

Related posts

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران اللہ تعالیٰ نے پاکستان سے اہم کام لیا،اسحاق ڈار

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں محرم الحرام کے مجالس اور جلوسوں کے لیے گزشتہ فول پروف سکیورٹی، سہولیات اور نگرانی کے غیر معمولی انتظامات جاری

پنجاب کی عوام کے لیے ایک نہیں، دو نہیں بلکہ تین بڑی خوشخبریاں سامنے آگئیں