پنجاب کی عوام کے لیے ایک نہیں، دو نہیں بلکہ تین بڑی خوشخبریاں سامنے آگئیں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے تین بڑے اور جدید ترین سپیشلائزڈ ہسپتالوں کی تکمیل اور افتتاحی شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے بڑے طبی منصوبوں اور صحت عامہ کی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا تعمیراتی اور کیپیٹل ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ اس کا باقاعدہ افتتاح 15 جولائی کو کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ہسپتال کی شارٹ ویڈیو بھی پیش کی گئی جس پر انہوں نے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ٹیم اور آئی ڈی اے پی (IDAP) کی کارکردگی کو سراہا۔

مریم نواز شریف نے ہسپتال کے تعمیراتی معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے سعودی عرب کا کوئی جدید اور عالمی معیار کا ہسپتال ہو۔

اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ منصوبے کے پیکیج اے اور بی 31 جولائی تک مکمل ہو جائیں گے، جس کے بعد وزیراعلیٰ نے 31 جولائی 2026 کو اس جدید کینسر ہسپتال کے افتتاح کا عندیہ دے دیا۔

اسی طرح جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے بارے میں بتایا گیا کہ ادارے میں 10 جولائی تک بھرتیوں کا عمل مکمل کر لیا جائے گا جبکہ ہسپتال کا افتتاح 15 اگست کو متوقع ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کو صحت کی سہولیات اور سروس ڈلیوری کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق پنجاب بھر میں 22 ملین مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ سی ایم چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 13 ہزار 550 بچوں کے دل کے کامیاب آپریشن اور سرجریاں مفت مکمل کی گئیں۔

مزید بتایا گیا کہ صوبے بھر میں 7 لاکھ 28 ہزار مریضوں کو ان کی دہلیز تک مفت ادویات فراہم کی گئیں، جس سے صحت کی سہولیات عام شہریوں تک پہنچانے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

اجلاس میں ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام (DDLP) کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جس کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے باقاعدہ منظوری دے دی۔ پروگرام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اور غیر ملکی سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مختصر مدت کے لیے خدمات انجام دینے کا موقع دیا جائے گا۔

بریفنگ کے مطابق پروگرام کے تحت تجربہ کار اور اچھی شہرت کے حامل سپیشلسٹ ڈاکٹرز پنجاب آئیں گے اور جدید طبی مہارتیں مقامی ڈاکٹروں تک منتقل کریں گے۔ ان ڈاکٹرز کو آٹھ اقسام کی جدید اور ایڈوانس سرجریز کی اجازت ہوگی جبکہ پنجاب کے 12 منتخب ہسپتالوں میں ان کی تعیناتی کی جائے گی۔

پروگرام کے لیے پوسٹ گریجویٹ قابلیت، بیرون ملک کم از کم تین سالہ فیلوشپ کا تجربہ اور فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے ڈاکٹرز کو کم از کم 15 روز پنجاب میں خدمات انجام دینا ہوں گی۔

اجلاس میں DDLP ڈیش بورڈ بھی پیش کیا گیا جسے جلد فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے ایک جدید ویب پورٹل قائم کیا جائے گا جہاں آن لائن رجسٹریشن، کریڈنشل ویریفکیشن، تعیناتی، ادائیگی اور رپورٹنگ سمیت تمام امور ڈیجیٹل انداز میں انجام دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز مقامی طبی عملے کی تربیت بھی کریں تاکہ عالمی معیار کی مہارتیں پنجاب کے ہسپتالوں تک منتقل ہو سکیں۔

انہوں نے نرسنگ سیکٹر کے لیے بھی DDLP طرز کا الگ پروگرام شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور نرسز کو بہترین پیکج فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہسپتالوں کے ڈائریکٹرز انتہائی مؤثر اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہونے چاہئیں، نرسنگ کیئر صحت کے نظام میں بنیادی تبدیلی لا سکتی ہے، جبکہ پنجاب میں بہترین انسانی وسائل لانا ان کا مشن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال میں دنیا بھر سے بہترین تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور نرسز کا خیرمقدم کیا جائے گا تاکہ پنجاب کے عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر آسکیں۔

صحت کے شعبے میں یکے بعد دیگرے تین بڑے منصوبوں کی تکمیل اور بیرون ملک ماہرین کو شامل کرنے کے فیصلوں کو پنجاب کے طبی نظام میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے لاکھوں مریض مستفید ہوں گے۔

Related posts

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران اللہ تعالیٰ نے پاکستان سے اہم کام لیا،اسحاق ڈار

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران اللہ تعالیٰ نے پاکستان سے اہم کام لیا،اسحاق ڈار

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں محرم الحرام کے مجالس اور جلوسوں کے لیے گزشتہ فول پروف سکیورٹی، سہولیات اور نگرانی کے غیر معمولی انتظامات جاری