لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے صوبے بھر میں ٹیکس نادہندگان اور سیلز ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا، جس کے دوران متعدد کاروباری مراکز، مارکیز، میرج ہالز اور ہاؤسنگ ڈویلپرز کے دفاتر کو سیل کر دیا گیا۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا اور ملتان ڈویژن میں انفورسمنٹ ٹیموں نے بیک وقت کارروائیاں کرتے ہوئے ٹیکس کی عدم ادائیگی اور ریکارڈ میں بے ضابطگیوں پر 15 ہاؤسنگ ڈویلپرز کے دفاتر سربمہر کر دیے۔
پی آر اے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد مارکیز، میرج ہالز اور دیگر کاروباری مراکز کو بھی سیل کیا گیا، جبکہ کئی ریسٹورنٹس سے سیلز کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔ ادارے کی جانب سے 25 کاروباری یونٹس کو قانونی نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چھان بین کے دوران سیلز ریکارڈ اور ٹیکس گوشواروں میں نمایاں تضادات سامنے آئے، جس کے بعد متعلقہ اداروں کا ریکارڈ ضبط کر لیا گیا تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا نے کہا ہے کہ بار بار ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف جرمانے، سیلنگ، ریکارڈ ضبطی اور قانونی کارروائی سمیت تمام دستیاب اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس وصولیوں میں بے ضابطگیوں اور ٹیکس گوشواروں میں خردبرد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جانب سے ادا کیا جانے والا ٹیکس قومی امانت ہے اور اس میں کسی قسم کی جعلسازی یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر جو ٹیکس نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔
پی آر اے کے مطابق ٹیکس قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے اور سرکاری محصولات میں اضافے کے لیے صوبے بھر میں نگرانی اور انفورسمنٹ کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، جبکہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔