لاہور: ضلعی تعلیمی اتھارٹی لاہور نے شہر بھر کے تمام نجی اسکولوں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر اس عمل کا آغاز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اس حوالے سے ضلعی تعلیمی اتھارٹی نے تمام نجی اسکول مالکان، پرنسپلز اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشنز کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر نجی تعلیمی ادارہ اپنی عمارت کا بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرے۔
مراسلے کے مطابق بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ صرف کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) ڈیپارٹمنٹ کی مجاز اتھارٹی کی جانب سے جاری کیا جائے گا اور کسی دوسرے ادارے یا اتھارٹی کا جاری کردہ سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔
ضلعی تعلیمی اتھارٹی نے تمام نجی اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کا عمل فوری طور پر شروع کریں تاکہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی ساختی حفاظت اور حفاظتی معیار کی باقاعدہ جانچ یقینی بنائی جا سکے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں متعلقہ ضوابط کے تحت انتظامی اقدامات بھی شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشنز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی تعلیمی اتھارٹی کا مراسلہ اپنے تمام رکن اسکولوں تک فوری طور پر پہنچائیں اور اس پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔