بلوچستان کے ساحل پر حادثے کا شکار ہونے والے نجی کارگو طیارے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسلام آباد سے آنے والی تحقیقاتی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر طیارے کے مینٹیننس ریکارڈ کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے سمندر سے برآمد ہونے والے طیارے کے ملبے کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ ریسکیو اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید ملبہ بھی سمندر سے نکال لیا گیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے طیارے کے مینٹیننس ریکارڈ، تکنیکی دستاویزات اور پرواز سے متعلق تمام شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم حادثے کی وجوہات جاننے میں کلیدی اہمیت رکھنے والا بلیک باکس تاحال برآمد نہیں ہو سکا، جس کے باعث تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب حادثے کے بعد لاپتا ہونے والے عملے کے پانچوں ارکان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی بدستور جاری ہے۔ متعلقہ ادارے بحری وسائل کی مدد سے سمندر میں مختلف مقامات پر تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ نجی کارگو کمپنی کا طیارہ گزشتہ منگل کی شب شارجہ سے کراچی آنے کے دوران بلوچستان کے ساحل کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ طیارے میں عملے کے مجموعی طور پر پانچ ارکان سوار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بلیک باکس کی برآمدگی اور دیگر شواہد سامنے آنے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجوہات سے متعلق حتمی مؤقف اختیار کیا جا سکے گا۔
#aeroplane #crash #Balochistan #cargo