لاہور: نان بائی ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک کے درمیان روٹی اور نان کی قیمتوں کے تعین پر اختلافات برقرار ہیں، جبکہ تنازع شدت اختیار کرنے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق روٹی کی قیمت کے معاملے پر نان بائی ایسوسی ایشن نے ہفتے کے روز اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ روٹی اور نان کی نئی قیمتوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔
نان بائی ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں روٹی کی قیمت 25 روپے اور نان کی قیمت 35 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر انتظامیہ نے زبردستی سرکاری نرخ نافذ کرنے کی کوشش کی تو نان بائی احتجاجاً تندور بند کرنے کا آپشن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ خوراک اور پنجاب حکومت کی جانب سے تاحال روٹی اور نان کی نئی سرکاری قیمتوں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، جس کے باعث نان بائیوں اور حکومتی اداروں کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔
ذرائع کے مطابق نان بائیوں کا مؤقف ہے کہ آٹے، گیس، بجلی، مزدوری اور دیگر اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث موجودہ سرکاری نرخوں پر روٹی اور نان کی فروخت ممکن نہیں رہی، جبکہ حکومت قیمتوں کو عوام کی قوتِ خرید کے مطابق رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور نان بائی ایسوسی ایشن باہمی مشاورت سے جلد ایسا قابلِ عمل حل نکالیں جس سے ایک طرف عوام کو مناسب نرخوں پر روٹی میسر آئے اور دوسری جانب نان بائیوں کے جائز تحفظات بھی دور کیے جا سکیں۔