وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صاف پانی کی فراہمی سے متعلق ایک خصوصی اجلاس

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صاف پانی کی فراہمی سے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں صاف پانی کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خراب پانی سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں جدید واٹر بوٹلنگ پلانٹس تیار کر لیے گئے ہیں، جبکہ ان پلانٹس کو فعال بھی کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ان علاقوں میں جہاں زیر زمین پانی پینے کے قابل نہیں، وہاں بوتل بند صاف پانی خصوصی ٹرکوں کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری پینے کا پانی میسر آ سکے۔

وزیراعلیٰ کو خوشاب واٹر بوٹلنگ پلانٹ کی ڈیجیٹل رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پلانٹ فی گھنٹہ 50 ہزار بوتلیں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو مزید وسعت دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ “سی ایم پنجاب صاف پانی پراجیکٹ” کے تحت مزید چار جدید واٹر بوٹلنگ پلانٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 2,258 واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی لگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر صاف پانی کی سہولت میسر آ سکے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صاف پانی کی مستقل فراہمی کے لیے واٹر ٹینکوں پر مشتمل کلسٹر بیسڈ پلانٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں بہاولپور ڈویژن میں 22 جبکہ ضلع راجن پور میں 10 کلسٹر بیسڈ پلانٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں خراب پانی والے علاقوں کی فوری نشاندہی کریں تاکہ وہاں صاف پانی کی فراہمی کے مؤثر انتظامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش یا خرابی سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کرنے اور خراب یا غیر فعال فلٹریشن پلانٹس کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Related posts

فوجی جوانوں کی قربانیوں کو پیسوں میں تولنا تکلیف دہ ہے، اپنے بیٹوں کو بارڈر پر بھیج کر دکھائیں: عظمیٰ بخاری

وفاقی آئینی عدالت نے مونال ریسٹورنٹ مسماری کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا

3 سال میں 74 ہزار 474 مسافر بیرونِ ملک جانے سے روک دیے گئے، ایف آئی اے کی دستاویز سامنے آگئی