لاہور: تاریخی لاہور کے ثقافتی ورثے کے تحفظ، بحالی اور قدیم شہر کی اصل شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو لاہور ہیریٹیج روائیول بورڈ کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہیریٹیج روائیول بورڈ، پنجاب والڈ سٹی اتھارٹی ایکٹ 2012 کے تحت تشکیل دیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد تاریخی لاہور کی قدیم عمارتوں، ثقافتی ورثے، آثارِ قدیمہ اور تاریخی مقامات کی بحالی، تحفظ اور ترقی کے لیے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کرنا ہے۔
ایکٹ کے تحت میاں نواز شریف کو بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بورڈ تاریخی شہر لاہور کی بحالی، ورثے کے تحفظ اور سیاحتی و ثقافتی اہمیت کے حامل منصوبوں کی نگرانی اور رہنمائی کرے گا۔
لاہور ہیریٹیج روائیول بورڈ قدیم لاہور کی تاریخی شناخت کو محفوظ بنانے، شہری انفراسٹرکچر کو ورثے سے ہم آہنگ انداز میں بہتر بنانے اور ثقافتی مقامات کی بحالی کے لیے مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا، تاکہ تاریخی لاہور کی اصل حیثیت کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔