بلاول بھٹو زرداری کا آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد

مظفرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ پر کسی قسم کا ڈاکا قبول نہیں کرے گی اور جن حلقوں میں بے ضابطگیوں کے شواہد موجود ہیں وہاں فوری ری پولنگ کرائی جائے۔

مظفرآباد میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے نام لیے بغیر مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کچھ عناصر ہمیشہ انتخابی دھاندلی کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم آزاد کشمیر کے عوام ایسی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چوہدری یاسین کے حلقے میں 30 پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کرکے جعلی ووٹ ڈالے گئے، ان کے پاس اس حوالے سے شواہد موجود ہیں۔ بلاول نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن ان بے ضابطگیوں میں ملوث نہیں تو متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر فوری طور پر دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جہاں عوام کے فیصلے کے تحت شکست ہوگی، وہ اسے تسلیم کریں گے، لیکن مبینہ طور پر چوری شدہ مینڈیٹ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ اور حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی و جمہوری فورم پر آواز اٹھائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ وہ کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے اور ان کے بقول “چوری ہونے والی ہر نشست” واپس لینے کے لیے قانونی اور سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کو ان کے حقوق جمہوری طریقے اور عوامی مینڈیٹ کے ذریعے دلانے پر یقین رکھتی ہے۔

Related posts

راولا کوٹ میں مسلح حملہ آور مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں

آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام نے ترقی، کارکردگی اور جدت کو ووٹ دیا,عظمی بخاری

پاکستان تحریک انصاف میں مجوزہ ’’عمران خان ریلیز فورس‘‘ کے قیام کا منصوبہ