پاکستان تحریک انصاف میں مجوزہ ’’عمران خان ریلیز فورس‘‘ کے قیام کا منصوبہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف میں مجوزہ ’’عمران خان ریلیز فورس‘‘ کے قیام کا منصوبہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی مخالفت کے باعث عملی شکل اختیار نہ کر سکا، حالانکہ پارٹی کے بعض رہنما، جن میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بھی شامل تھے، اس تجویز کے حامی تھے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی مہم کے لیے رضاکاروں پر مشتمل ایک منظم فورس کے قیام کے خواہاں تھے، جس کے ارکان کی رجسٹریشن اور حلف برداری بھی تجویز کی گئی تھی۔ تاہم بیرسٹر گوہر نے اس منصوبے کو باضابطہ منظوری دینے اور نوٹیفکیشن جاری کرنے سے انکار کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر کا مؤقف تھا کہ اس نوعیت کی تنظیم کا قیام قانونی اور آئینی پیچیدگیاں پیدا کرسکتا ہے، جبکہ اس سے پارٹی پر غیر ضروری اور سنگین الزامات عائد ہونے کا خدشہ بھی موجود تھا، اسی لیے منصوبے کو آگے نہیں بڑھایا گیا۔

یہ معاملہ اس وقت دوبارہ زیر بحث آیا جب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے آئینی عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ’’عمران خان ریلیز فورس‘‘ کبھی تشکیل ہی نہیں دی گئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ بیان اس لحاظ سے درست ہے کہ مجوزہ فورس کبھی باضابطہ وجود میں نہیں آئی، کیونکہ پارٹی قیادت نے اسے حتمی منظوری نہیں دی۔

ذرائع کے مطابق اندرونی مشاورت کے بعد پی ٹی آئی نے منظم فورس کے بجائے ایک وسیع سیاسی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا، جس میں تمام کارکن اور حامی حصہ لے سکیں گے، جبکہ رجسٹرڈ فورس، حلف برداری اور علیحدہ تنظیمی ڈھانچے کی تجویز ترک کردی گئی تاکہ تحریک آئینی اور جمہوری حدود میں رہے۔

پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ احتجاجی یا عوامی تحریک کے آغاز اور حکمت عملی سے متعلق فیصلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بجائے اپوزیشن اتحاد سے مشاورت کے بعد کیے جائیں گے، جس کی قیادت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کر رہے ہیں۔ اندرونی حلقے اس پیش رفت کو پارٹی کے معتدل مؤقف کی کامیابی قرار دے رہے ہیں، جس کے تحت متنازع تنظیمی ڈھانچے کے بجائے سیاسی جدوجہد کو ترجیح دی گئی۔

Related posts

راولا کوٹ میں مسلح حملہ آور مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں

آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام نے ترقی، کارکردگی اور جدت کو ووٹ دیا,عظمی بخاری

بلاول بھٹو زرداری کا آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد