راولا کوٹ: آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ راولا کوٹ میں مسلح حملہ آور مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی خاور علی شوکت نے بتایا کہ حملہ آوروں کے حملوں میں ایک رینجرز اہلکار شہید ہوا ہے۔ ان کے مطابق کارروائیوں کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس نے دعویٰ کیا کہ حملہ آوروں کے ممکنہ روابط دیگر مقامات سے ملتے ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں۔
ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور ریاستی اداروں پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ریاستی اداروں نے اب تک تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم امن عامہ خراب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان پولیس نے مزید کہا کہ بعض عناصر آزاد کشمیر کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن سکیورٹی ادارے ہر ممکن اقدامات کے ذریعے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
راولا کوٹ میں مسلح حملہ آور مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں
4