اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ خطے کی سکیورٹی اور استحکام کو مزید مضبوط کرے گا۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون تینوں برادر ممالک کے باہمی مفادات، مشترکہ سلامتی اور خطے کے امن سے جڑا ہوا ہے۔ معاہدے سے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشترکہ وژن کو حقیقت کا روپ دینے میں فیلڈ مارشل کی کاوشیں اہم ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ یہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے لیے خوشحالی کا باعث بنے اور تمام مسلم اقوام کے لیے خیر اور نفع کا ذریعہ ثابت ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے مفاد میں ہے اور اس کے نتیجے میں باہمی دفاعی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک نے باہمی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ معاہدے کی اہم شق کے مطابق کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو تینوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون پہلے ہی مختلف شعبوں میں جاری ہے، تاہم اس معاہدے کو تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی شراکت داری کو مزید باضابطہ اور مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون، اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے اقدامات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یہ تعاون نہ صرف تینوں ممالک کی سلامتی کو مضبوط کرے گا بلکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔