پاکستان اور ناروے کا انسداد دہشتگردی، غیر قانونی امیگریشن اور پولیس ٹریننگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ائیڈے نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے انسداد دہشتگردی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، پولیس ٹریننگ اور میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مذاکرات کے دوران افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم کالعدم تنظیموں کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہورہی ہے، جس پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دنیا اور دہشتگردی کے درمیان دیوار بن کر کھڑا ہے۔ دہشتگردی ایک عالمی چیلنج ہے اور اس کے مکمل سدباب کے لیے تمام ممالک کو مل کر مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

غیر قانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی

ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن کے معاملے پر بھی خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر رکھی ہے اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں یورپ میں غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی امیگریشن کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں کو یورپی یونین نے بھی سراہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے قانونی امیگریشن کے مواقع کو فروغ دینا انتہائی اہم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان قانونی اور محفوظ نقل مکانی کے طریقہ کار کو بہتر بنا کر غیر قانونی راستوں کی حوصلہ شکنی کی جاسکتی ہے۔

امریکہ ایران کشیدگی پر پاکستان کے کردار کی تعریف

ناروے کے وزیر خارجہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے تعمیری اور فعال کردار کو سراہا۔

انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشیں اہم ہیں۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی ذرائع اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے۔

ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار

ناروے کے وزیر خارجہ نے ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کے فعال اور مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی ناروے کی سیاست، صحت اور دیگر مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور باہمی روابط مضبوط بنانے میں ایک اہم پل قرار دیا۔

محسن نقوی نے ناروے کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ پاکستان اور ناروے کے باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے، دہشتگردی کے خلاف تعاون اور قانونی معاونت سمیت مختلف شعبوں میں رابطے مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

Related posts

پاکستان اور ناروے کا انسداد دہشتگردی، غیر قانونی امیگریشن اور پولیس ٹریننگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کا بھارت کو دوٹوک پیغام

بحیرہ احمر میں حوثیوں کا تجارتی جہاز پر حملہ، 3 پاکستانی جاں بحق، ایک زخمی