ناسا نے خلائی مشن جلد ختم کر دیا، ایک خلا باز کی طبیعت ناساز ہونے پر کریو واپس زمین پر

واشنگٹن: بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) پر روانہ کیے گئے ناسا کے کریو 11 کو ایک ماہ کے آغاز میں ہی قبل از وقت ختم کر دیا گیا ہے، کیونکہ ایک خلا باز کی طبیعت ناساز ہو گئی تھی۔

ناسا کے مطابق کریو میں شامل 4 خلاباز کا مشن مختصر کر کے انہیں زمین پر واپس بلا لیا گیا۔ ناسا نے بیمار ہونے والے خلا باز کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی اس کی طبی پیچیدگیوں کی تفصیل بتائی، تاہم یہ کہا گیا کہ خلاباز کی طبیعت تسلی بخش ہے اور وہ محفوظ ہیں۔

ناسا کے چیف ہیلتھ اینڈ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جیمز پولک نے بتایا کہ 65 سال سے زائد تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی طبی مسئلے کی وجہ سے خلائی مشن جلد ختم ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کریو 11 میں شامل خلاباز یہ ہیں:
• زینا کارڈمین (NASA)
• مائیک فنک (NASA)
• کیمیا یوئی (جاپان کی JAXA خلائی ایجنسی)
• اولیگ پلاٹونوف (روس)

کریو 11 گزشتہ سال اگست میں اسپیس ایکس کریو ڈریگن کے ذریعے ISS کے لیے روانہ ہوا تھا اور توقع کی جا رہی تھی کہ یہ ٹیم تقریباً 6 ماہ تک مدار میں رہے گی۔

ناسا کا کہنا ہے کہ مشن کی مختصر مدت کے باوجود تمام ضروری سائنسی تجربات اور تحقیقاتی کام مکمل کرنے کی کوشش کی گئی۔

Related posts

چین کی اسمارٹ پاور گرڈ ٹیکنالوجی، بلیک آؤٹ ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم کرنے کی صلاحیت

تفریح سے آگے، ویڈیو فرسٹ سرچ انجن کے طور پر ابھرتا ہوا پلیٹ فارم پاکستان میں ٹک ٹاک کا سرچ فیچر تیزی سے مقبول

وینزویلا میں انٹرنیٹ بحران، ایلون مسک کی اسٹارلنک نے مفت سروس فراہم کرنے کا اعلان