وزیراعظم شہباز شریف سے پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے نمائندگان کی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی فرمز کے نمائندگان نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ٹیم سیالکوٹ حاصل کرنے والی فرم “او-زیڈ ڈویلپر” کے حمزہ مجید اور ٹیم حیدرآباد حاصل کرنے والی فرم “ایف کے ایس” کے فواد سرور شامل تھے۔

وزیراعظم نے ٹیم سیالکوٹ اور ٹیم حیدرآباد کے نمائندگان کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی اور پی سی بی مینیجمنٹ کو بڈنگ کے کامیاب اور شفاف عمل پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے لیے بولی کا عمل ٹیلی ویژن پر براہِ راست نشر کیا گیا، جو اس کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے میں مدد ملے گی اور یہ ٹیمیں لیگ میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوں گی۔

وزیراعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان بڈنگز کے لیے بین الاقوامی فرمز نے دلچسپی دکھائی، جس سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کا امکان بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمیشہ سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں۔

ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

Related posts

رانا ثنااللہ کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے سسٹم سے متعلق حالیہ بیان پر وضاحت

پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان سے افغانستان اسلحہ اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے دعوے کو سختی سے مسترد کردیا

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیے کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو ملکی تاریخ اور خطے کے لیے ایک اہم اور تاریخی پیشرفت قرار