واشنگٹن: دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معروف سروسز کو بیک وقت تکنیکی تعطل کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے باعث اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی، انتھروپک کے کلاڈ اور ایکس اے آئی کے گروک سمیت متعدد اے آئی پلیٹ فارمز کے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انٹرنیٹ اور آن لائن سروسز میں خرابیوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ اور گروک کی سروسز میں تعطل سے متعلق صارفین کی جانب سے بڑی تعداد میں رپورٹس موصول ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق اگرچہ کسی ایک آن لائن سروس میں تکنیکی خرابی یا عارضی بندش غیر معمولی بات نہیں، تاہم دنیا کے تین بڑے اے آئی ماڈلز کا تقریباً ایک ہی وقت میں متاثر ہونا توجہ کا باعث بن گیا ہے۔
گوگل جیمینائی بھی متاثر
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گوگل جیمینائی کی سروسز میں بھی خلل کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تاہم گوگل کی جانب سے فی الحال سروس کی کسی بڑی بندش کے حوالے سے باضابطہ نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔
کلاڈ کی مخصوص سروسز متاثر
انتھروپک کے سروس ڈیش بورڈ پر کلاڈ کے بعض ماڈلز میں تعطل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق کچھ ماڈلز میں مسائل سامنے آئے، جبکہ دیگر ماڈلز کو ’’بیس لائن ایرر ریٹ پر بحال‘‘ کردیا گیا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی اور کوڈیکس میں بھی خرابی
دوسری جانب اوپن اے آئی کے سروس اسٹیٹس ڈیش بورڈ کے مطابق چیٹ جی پی ٹی اور کوڈیکس کو مسلسل ’’بڑھے ہوئے ایررز‘‘ کا سامنا ہے۔
اس صورتحال کے باعث بعض صارفین کو اے آئی ماڈلز تک رسائی، سوالات کے جوابات حاصل کرنے اور دیگر فیچرز استعمال کرنے میں مشکلات پیش آنے کی اطلاعات ہیں۔
گروک میں بھی تکنیکی مسائل
ایکس اے آئی نے بھی گروک میں تکنیکی مسائل کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کمپنی خرابی دور کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
بیک وقت متعدد بڑے اے آئی پلیٹ فارمز کے متاثر ہونے کے باعث سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے اس صورتحال پر تبصرے کیے گئے اور مختلف پلیٹ فارمز کے ڈاؤن ہونے کی رپورٹس شیئر کی گئیں۔
مائیکروسافٹ ایژر کی بندش سے تعلق کا امکان
اس صورتحال میں ایک اہم پہلو مائیکروسافٹ ایژر کی کلاؤڈ سروسز میں سامنے آنے والا تعطل بھی ہے۔ چونکہ بڑے پیمانے پر آن لائن اور اے آئی سروسز کلاؤڈ انفراسٹرکچر پر انحصار کرتی ہیں، اس لیے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایژر میں پیدا ہونے والی خرابی کا اثر بعض اے آئی پلیٹ فارمز پر بھی پڑا ہو۔
تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کہ چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ، گروک اور دیگر اے آئی سروسز میں بیک وقت پیدا ہونے والے مسائل کی براہ راست وجہ مائیکروسافٹ ایژر کی بندش ہی ہے یا اس کے پیچھے الگ الگ تکنیکی مسائل کارفرما ہیں۔
متعلقہ کمپنیاں سروسز کی بحالی اور تکنیکی خرابیوں کی وجوہات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں، جبکہ صارفین کی نظریں ان پلیٹ فارمز کے سروس اسٹیٹس پر لگی ہوئی ہیں۔