فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں آج صرف عالمی چیمپئن کا ہی فیصلہ نہیں ہوگا بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین گول اسکورر، یعنی گولڈن بوٹ کے فاتح کا بھی تعین ہوگا۔ فائنل میں ارجنٹینا اور اسپین آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ شائقین کی نظریں لیونل میسی اور فرانس کے اسٹار فارورڈ کائلیان ایمباپے کے درمیان گولڈن بوٹ کی دلچسپ دوڑ پر بھی مرکوز ہیں۔
ایمباپے اب تک ٹورنامنٹ میں 10 گول اسکور کر کے سرفہرست ہیں، جبکہ لیونل میسی کے نام 8 گول درج ہیں۔ ایسے میں میسی کو گولڈن بوٹ اپنے نام کرنے کے لیے فائنل میں کم از کم تین گول اسکور کرنا ہوں گے تاکہ وہ ایمباپے سے آگے نکل سکیں۔
اگر میسی فائنل میں دو گول کر کے ایمباپے کے برابر آ جاتے ہیں تو پھر گولڈن بوٹ کا فیصلہ ٹائی بریکر کے تحت ہوگا۔ اس صورت میں زیادہ اسسٹس کرنے والا کھلاڑی برتری حاصل کرے گا۔
اس وقت میسی اور ایمباپے دونوں کے نام چار، چار اسسٹس ہیں۔ اگر میسی دو گول کرنے کے ساتھ ایک گول میں اسسٹ بھی فراہم کرتے ہیں تو وہ اسسٹس میں برتری حاصل کر کے گولڈن بوٹ جیت سکتے ہیں۔
اگر گولز اور اسسٹس دونوں برابر رہیں تو پھر فیفا قوانین کے مطابق کم منٹ کھیلنے والے کھلاڑی کو برتری دی جائے گی۔ ایمباپے نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 769 منٹ کھیل رکھے ہیں، جبکہ میسی اب تک 712 منٹ میدان میں گزار چکے ہیں۔ تاہم اگر میسی فائنل مکمل کھیلتے ہیں تو ان کے مجموعی منٹس میں اضافہ ہو جائے گا، جس سے یہ معیار بھی فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
ورلڈ کپ کا فائنل جہاں عالمی چیمپئن کے تاج کا فیصلہ کرے گا، وہیں شائقین کی نظریں اس بات پر بھی جمی ہوں گی کہ آیا لیونل میسی اپنی شاندار کارکردگی سے ایمباپے کو پیچھے چھوڑ کر گولڈن بوٹ اپنے نام کر پاتے ہیں یا نہیں۔