میڈرڈ: حالیہ فیفا ورلڈکپ میں اسپین کی تاریخی کامیابی کے بعد ٹیم کے نمایاں کھلاڑی Marc Cucurella ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کی کارکردگی نہیں بلکہ ان کے گھنگریالے لمبے بالوں کے پیچھے چھپی ایک دل کو چھو لینے والی کہانی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مارک کوکوریلا نے اپنے لمبے بال محض فیشن یا منفرد انداز کے لیے نہیں رکھے بلکہ ان کے اس فیصلے کے پیچھے اپنے بڑے بیٹے ماٹیو سے گہری وابستگی اور محبت کارفرما ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ماٹیو آٹزم کا شکار ہے اور وہ ہجوم میں اپنے والد کو ان کے مخصوص لمبے بالوں کی وجہ سے آسانی سے پہچان لیتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کوکوریلا میچوں کے دوران بھی اپنے بال نہیں باندھتے تاکہ ان کا بیٹا اسٹیڈیم میں ہزاروں تماشائیوں کے درمیان انہیں فوری طور پر شناخت کر سکے۔ ان کے نزدیک یہ صرف ایک ہیئر اسٹائل نہیں بلکہ اپنے بیٹے کو اعتماد اور تحفظ کا احساس دلانے کا ذریعہ ہے۔
ورلڈکپ میں اسپین کی کامیابی کے بعد کوکوریلا کی یہ جذباتی کہانی دوبارہ منظرعام پر آئی اور دنیا بھر میں مداحوں نے ایک عظیم فٹبالر کے ساتھ ساتھ ایک حساس اور محبت کرنے والے والد کے کردار کو بھی سراہا۔
فٹبال کے میدان سے ہٹ کر مارک کوکوریلا اور ان کی شریکِ حیات کلاڈیا روڈریگیز نے بھی اپنے خاندان کو درپیش مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ ایک دستاویزی فلم میں کلاڈیا نے بتایا کہ جب انہیں احساس ہوا کہ ان کا بڑا بیٹا دیگر بچوں سے مختلف انداز میں نشوونما پا رہا ہے تو وہ شدید ذہنی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال سے گزرے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے کی تشخیص کے بعد وہ روزانہ اسے اسکول چھوڑ کر واپس آتے ہوئے روتے تھے، جبکہ اسی دوران وہ اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی تیاری بھی کر رہی تھیں۔ ان کے بقول یہ ان کی زندگی کا سب سے مشکل دور تھا۔
مارک کوکوریلا نے بھی اعتراف کیا کہ کسی والدین کے لیے یہ جاننا آسان نہیں ہوتا کہ ان کا بچہ آٹزم کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں انہیں بھی اس حقیقت کو قبول کرنے اور حالات کو سمجھنے میں وقت لگا، لیکن بعد میں انہوں نے اپنے بیٹے کی ضروریات کے مطابق خود کو ڈھالنا سیکھا۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ اگر انہیں دنیا کی تمام کامیابیوں اور دولت کے بدلے صرف ایک خواہش مانگنے کا موقع ملے تو وہ یہی چاہیں گے کہ ان کا بیٹا مکمل صحت مند ہو۔
واضح رہے کہ مارک کوکوریلا اور کلاڈیا روڈریگیز 2018 سے ایک ساتھ ہیں اور اس وقت اپنے تین بچوں، ماٹیو، ریو اور بیلا، کی پرورش کر رہے ہیں۔ حالیہ ورلڈکپ میں اسپین کی فتح کے بعد کوکوریلا کی یہ کہانی سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے، جہاں مداح اسے باپ کی بے لوث محبت اور خاندانی وابستگی کی خوبصورت مثال قرار دے رہے ہیں۔