کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے نے پورے شہر کو غم اور سوگ کی فضا میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس دلخراش سانحے میں جہاں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور درجنوں خاندان متاثر ہوئے، وہیں تباہی کے مناظر کے درمیان ایک ایسا منظر بھی سامنے آیا جس نے لوگوں کے دلوں میں امید اور حوصلہ پیدا کر دیا۔
آتشزدگی پر قابو پانے کے بعد ریسکیو اداروں کی جانب سے ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔ اسی دوران سرچ آپریشن میں مصروف ایک ریسکیو اہلکار کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس نے دیکھنے والوں کو جذباتی کر دیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھوئیں اور راکھ سے اٹے ماحول میں ریسکیو اہلکار گل پلازہ کے پہلے فلور پر قائم مسجد میں داخل ہوتے ہیں، جہاں حیرت انگیز طور پر قرآنِ پاک مکمل طور پر محفوظ حالت میں موجود پائے گئے۔ ریسکیو اہلکار نے عقیدت اور احترام کے ساتھ قرآنِ پاک کو اٹھا کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی کے باوجود مسجد کو بھی کسی قسم کا بڑا نقصان نہیں پہنچا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گل پلازہ کے پہلے فلور پر قائم مسجد کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا گیا ہے اور وہاں کسی شخص کی موجودگی نہیں پائی گئی۔ حکام کے مطابق سرچ آپریشن عمارت کے دیگر حصوں میں بھی جاری ہے تاکہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں اب تک 26 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 83 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو ادارے، فائر بریگیڈ اور دیگر متعلقہ محکمے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ جہاں شہر کے لیے ایک بڑا المیہ ہے، وہیں مسجد میں قرآنِ پاک کا محفوظ ملنا لوگوں کے لیے صبر، حوصلے اور ایمان کو مضبوط کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ شہریوں کی جانب سے جاں بحق افراد کے لیے دعائیں اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کا سلسلہ بھی جارہی ہے۔