پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز سیالکوٹ کے مالک کامل خان نے ٹیم کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ سیالکوٹ کی ٹیم اب ’’سیالکوٹ اسٹالینز‘‘ کے نام سے پی ایس ایل میں جلوہ گر ہوگی۔
کامل خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ٹیم کے نام کا اعلان کیا، جس میں سیالکوٹ اسٹالینز کے نام اور برانڈنگ کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔ ویڈیو کے اجرا کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے مثبت ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سیالکوٹ اسٹالینز کی شمولیت سے پاکستان سپر لیگ میں مقابلے مزید دلچسپ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ کرکٹ حلقوں کا ماننا ہے کہ نئی ٹیم نہ صرف لیگ میں مسابقت بڑھائے گی بلکہ نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا مزید موقع بھی فراہم کرے گی۔ شائقین بھی سیالکوٹ اسٹالینز کو پہلی بار ایکشن میں دیکھنے کے لیے خاصے پُرجوش نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 میں اس بار مجموعی طور پر 8 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں سیالکوٹ اور حیدرآباد کی نئی فرنچائزز بھی شامل ہیں۔ تاہم، حیدرآباد کی ٹیم کی جانب سے اب تک ٹیم کے حتمی نام کا اعلان نہیں کیا گیا، جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا باقاعدہ آغاز 26 مارچ سے ہوگا، جہاں تمام ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدِمقابل آئیں گی۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق اس سیزن میں شائقین کو سنسنی خیز مقابلے اور اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔