راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر بھرپور اور مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 12 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر نشانہ بنایا اور علاقے کو کلیئر کرانے کیلئے سرچ آپریشن بھی جاری رکھا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔
دوسری کارروائی بلوچستان کے ضلع بسیما میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کا سراغ لگانے کے بعد ہدفی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرست یافتہ 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ملک سے اس ناسور کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔