لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ عروبہ مرزا نے بھی رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ پر سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے اور ناپسندیدہ پیغامات بھیجنے کا الزام عائد کر دیا ہے۔ اس سے قبل اداکارائیں مومنہ اقبال اور طوبیٰ انور بھی ان پر مختلف نوعیت کے الزامات لگا چکی ہیں۔
عروبہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ثاقب چدھڑ سے منسوب مبینہ انسٹاگرام پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کیے، جن میں بظاہر متعدد بار رابطہ کرنے اور گفتگو کو اسنیپ چیٹ پر منتقل کرنے کی درخواستیں دکھائی گئی ہیں۔
اداکارہ نے اسکرین شاٹس کے ساتھ مختصر پیغام میں لکھا، “مومنہ اقبال اور طوبیٰ انور کے بعد اب میں بھی”، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیر بحث آ گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اداکارہ مومنہ اقبال نے بھی ثاقب چدھڑ پر آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں جیسے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ان کی شکایت پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کر رہی ہے۔
دوسری جانب اداکارہ طوبیٰ انور نے بھی حالیہ دنوں میں الزام لگایا تھا کہ ثاقب چدھڑ نے انہیں بطور تحفہ آئی فون دینے کی پیشکش کی اور متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی۔
عروبہ مرزا کے الزامات سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ تاہم، اس خبر کے وقت تک ثاقب چدھڑ کی جانب سے عروبہ مرزا کے تازہ الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ عروبہ مرزا کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس اور ان میں موجود دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ معاملہ پہلے سے جاری قانونی کارروائی اور تحقیقات کے تناظر میں بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔