وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے خود سرکاری سکولوں میں جا کر طلبہ کو پڑھائیں گے تاکہ تعلیمی معیار، تدریسی نظام اور سکولوں کے زمینی حالات کا براہ راست جائزہ لیا جا سکے۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ ان کے پسندیدہ مضامین انگلش اور کیمسٹری ہیں، اس لیے وہ پرائمری سکولوں میں انگلش جبکہ ہائی سکولوں میں کیمسٹری کی تدریس سے آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں دیگر مضامین بھی پڑھائیں گے۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ وہ ہر ہفتے کسی ایک سرکاری سکول میں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے جائیں گے اور کسی کو پہلے سے معلوم نہیں ہوگا کہ وہ کب اور کس سکول کا دورہ کریں گے۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ وہ اساتذہ کی بے حد عزت کرتے ہیں اور استاد بن کر پڑھانے پر فخر محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کا مقصد سکولوں کے مسائل، زمینی حقائق اور تدریسی معیار کا براہ راست مشاہدہ کرنا ہے تاکہ فوری اور مؤثر اصلاحات کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ اور طلبہ سے براہ راست رابطہ تعلیمی اصلاحات میں معاون ثابت ہوگا جبکہ اس اقدام سے تدریسی کمزوریوں کی نشاندہی اور ان کے ازالے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ سکولوں کے مسائل صرف فائلوں یا کاغذوں پر نہیں بلکہ موقع پر جا کر دیکھنے اور حل کرنے کے قائل ہیں۔ ان کے مطابق اس عملی اقدام سے سرکاری سکولوں کو معیاری تعلیمی ادارے بنانے کی مہم کو مزید تقویت ملے گی۔

Related posts

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا بڑا فیصلہ: خطرناک اسکول عمارتیں فوری خالی کرنے کا حکم

لاہور بورڈ کا بڑا فیصلہ: نویں جماعت کے پریکٹیکل پیپرز کی ای مارکنگ کا اعلان

پنجاب میں سرکاری اسکولوں کے اوقاتِ کار تبدیل، نیا شیڈول 19 جنوری سے نافذ ہوگا