پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور بروقت وارننگ کے لیے ڈرون مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز

لاہور: پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور بروقت وارننگ کے لیے ڈرون مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تمام اہم بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈرون سرویلنس کا مقصد دریاؤں، ہیڈ ورکس اور بیراجوں میں پانی کی سطح، بہاؤ اور کناروں کے کٹاؤ کا مسلسل جائزہ لینا ہے تاکہ سیلابی ریلے کی آمد کی بروقت نشاندہی کی جا سکے اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کے لیے آگاہ کیا جا سکے۔

جھنگ کے تریموں بیراج میں ڈرون سرویلنس کے دوران پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی۔ پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج کی نگرانی کے دوران سیلابی پانی کی آمد اور ممکنہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ کناروں میں کٹاؤ اور پانی کے بہاؤ کو نارمل قرار دیا گیا۔

سرگودھا میں دریائے چناب پر واقع طالب والا پل پر ڈرون مانیٹرنگ کے دوران پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق پایا گیا۔ خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج اور متعلقہ ہیڈ ورکس پر بھی پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی گئی۔

تاہم ساہیوال کے علاقے قطب شہانہ کے قریب ڈرون سرویلنس کے دوران نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ریکارڈ کی گئی، جس پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہیڈ مرالہ، سیالکوٹ میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ منڈی بہاؤالدین کے رسول بیراج پر بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ اور واٹر لیول کا جائزہ لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون مانیٹرنگ سسٹم سے سیلابی صورتحال کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن ہو گی، جس سے بروقت وارننگ جاری کرنے، انخلاء کے فیصلوں اور امدادی کارروائیوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Related posts

مون سون بارشیں، پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال

حکومت اور پیٹرول پمپس مالکان کے درمیان کامیاب مذاکرات

نبیحہ علی خان نے اپنے شوہر حارث کھوکھر سے خلع حاصل کرنے کے لیے فیملی کورٹ سے رجوع کر لیا