بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان ان دنوں اپنی نئی فلم ’’کرتاویہ‘‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں اور مختلف پروگرامز و انٹرویوز میں شرکت کر رہے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ کیا کبھی شاہ رخ خان نے انہیں کسی فلم میں کردار کی پیشکش کی؟ اس سوال کے جواب میں سیف علی خان نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے انہیں فلم ’’میں ہوں نا‘‘ میں ایک اہم کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ یہ فلم کا نہایت اچھا حصہ ہے۔
سیف علی خان نے مزید بتایا کہ بعد ازاں فلم کی ہدایتکارہ فرح خان نے انہیں فون کیا اور فلم میں کام کرنے سے منع کر دیا۔
واضح رہے کہ ’’میں ہوں نا‘‘ سن 2004 میں ریلیز ہونے والی ایک سپر ہٹ فلم تھی، جس کی ہدایتکاری فرح خان نے انجام دی تھی۔ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ سشمیتا سین، سنیل شیٹی، زید خان اور امرتا راؤ نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔