لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ شیخوپورہ کے گلستان تھیٹر میں دورانِ ڈرامہ سٹیج اداکارہ پر تشدد کے واقعے میں ملوث ملزم راجہ زین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے ملزم کی تصویر بھی جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کے خلاف تشدد، ہراسانی اور بدسلوکی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی خاتون، خصوصاً فنکار برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین کی تضحیک یا ان کے ساتھ ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اگرچہ ملزم نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، تاہم اس کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے تاکہ اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جا سکے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تھیٹر مالکان پر لازم ہے کہ وہ اپنے اداروں میں فنکاروں، بالخصوص خواتین اداکاراؤں، کے لیے محفوظ ماحول اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس نوعیت کے افسوسناک واقعات نہ صرف فنکار برادری بلکہ معاشرے کے لیے بھی باعث تشویش ہیں، جن کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ فریقین کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی عزت، وقار اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔