بالی وڈ سپر اسٹار Salman Khan کو فلم ’کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی‘ سے متعلق قانونی تنازع میں اہم کامیابی حاصل

بالی وڈ سپر اسٹار Salman Khan کو فلم ’کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی‘ سے متعلق قانونی تنازع میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں دہلی ہائیکورٹ نے فلم کے پروڈیوسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلم کا ٹیزر اور دیگر پروموشنل مواد فوری طور پر تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹا دیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ زیرِ تیاری فلم کا موضوع، تشہیری مواد اور پیشکش ان کے 1998 کے کالے ہرن شکار کیس سے مشابہت رکھتی ہے، جس سے نہ صرف ان کی عوامی ساکھ متاثر ہو رہی ہے بلکہ ان کے خلاف ایک منفی تاثر بھی پیدا کیا جا رہا ہے۔

درخواست پر سماعت کے دوران دہلی ہائیکورٹ نے فلم کا ٹیزر دیکھنے کے بعد اس کے مسلسل آن لائن موجود رہنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر کسی مواد سے کسی شخص کی شہرت اور وقار کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو تو اس کی تشہیر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، خواہ معاملہ کسی معروف شخصیت کا ہو یا عام شہری کا۔

عدالت نے پروڈیوسرز کو ہدایت دی کہ وہ رضاکارانہ طور پر فلم کا ٹیزر اور دیگر پروموشنل مواد تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے ہٹا دیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر اس حکم پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، جن میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور یوٹیوب بھی شامل ہیں، کو عدالتی حکم کے ذریعے یہ مواد ہٹانے کی ہدایت جاری کی جا سکتی ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے فلم سازوں کے طرزِ عمل پر بھی سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت کی سابقہ کارروائی کے باوجود متنازع مواد کی آن لائن موجودگی قابل قبول نہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے فلم ساز خود کو قانون سے بالاتر سمجھ رہے ہوں۔

واضح رہے کہ سلمان خان نے اپنی درخواست میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ فلم میں ان کے 1998 کے کالے ہرن شکار کیس اور گینگسٹر Lawrence Bishnoi کے ساتھ مبینہ تنازع کو کہانی کا حصہ بنایا گیا ہے، جس سے ان کی شخصیت اور شہرت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ عدالت کی حالیہ ہدایت کو اس مقدمے میں سلمان خان کے حق میں ایک اہم قانونی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Related posts

بالی وڈ سپر اسٹار Salman Khan کو فلم ’کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی‘ سے متعلق قانونی تنازع میں اہم کامیابی حاصل

سپر اسٹار عامر خان کا اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے انکشاف

شیخوپورہ تھیٹر میں اداکارہ پر تشدد، ملزم کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: عظمیٰ بخاری