(پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے 29 جولائی سے 5 اگست تک بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں، اربن فلڈنگ، فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے خبردار کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، لیہ، بھکر، نورپور تھل، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31 جولائی سے 3 اگست کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی موسلادھار بارشوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات پیشگی مکمل رکھے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بالائی کیچمنٹ ایریاز میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، محکمہ آبپاشی، محکمہ تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، آندھی، طوفان اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے آسمان تلے جانے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو نشیبی علاقوں، جمع شدہ بارش کے پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش اختیار نہ کی جائے کیونکہ مون سون کے دوران ایسے مکانات گرنے سے سب سے زیادہ جانی نقصان رپورٹ ہوتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

Related posts

رواں برس مون سون سیزن کے دوران ملک میں غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی سندھ بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی

مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار