محکمہ موسمیات کی سندھ بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی

کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ کراچی سمیت جنوبی سندھ میں بھی موسم خوشگوار رہنے اور بوندا باندی کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کم دباؤ کا ایک نظام موجود ہے، تاہم توقع ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کی شدت میں کمی آ جائے گی۔ اس کے باوجود طاقتور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث سندھ کے بیشتر اضلاع بارش برسانے والے بادلوں کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جبکہ ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار اور حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر کراچی کے بارے میں محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران شہر کا مطلع زیادہ تر ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا۔ آج شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ اگلے تین روز تک وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کے روز کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

ماہرین موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسلا دھار بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتیں اور موسم کی تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

Related posts

مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار

پی ڈی ایم اے پنجاب کا فلڈ الرٹ، 20 سے 24 جولائی تک دریاؤں اور شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

شہرِ قائد میں آج بھی شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی