لاہور: مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریاؤں کے بہاؤ میں مجموعی طور پر استحکام دیکھا گیا ہے جبکہ دریائے چناب میں طغیانی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور نشیبی و دریا برد علاقوں میں رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 34 ہزار کیوسک، چشمہ میں 3 لاکھ 70 ہزار کیوسک جبکہ تونسہ بیراج پر 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مرالہ، خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقامات پر اب نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 43 ہزار کیوسک، خانکی پر 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک، قادر آباد پر 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک جبکہ تریموں پر 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج اور دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی اور ہیڈ سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ بلوکی پر پانی کا بہاؤ 81 ہزار کیوسک اور ہیڈ سدھنائی پر 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جسڑ شاہدرہ سمیت دیگر مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
دوسری جانب نارووال کے نالہ بسنتر میں سیلابی صورتحال برقرار ہے جبکہ وزیرآباد کے نالہ پھلکو میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کا بہاؤ تقریباً 5 ہزار کیوسک ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے باعث بعض دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا، تاہم دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہیں، جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چناب میں طغیانی میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔
انہوں نے دریا برد علاقوں میں رہنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کے لیے بنیادی سہولیات، خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری سیروتفریح سے گریز کریں، دریاؤں کی کراسنگ کے لیے صرف معیاری کشتیوں اور لائف جیکٹس کا استعمال یقینی بنائیں اور بچوں کو ہرگز دریاؤں، نہروں یا ندی نالوں میں نہانے کی اجازت نہ دیں۔