باکو میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مصروفیات کا آغاز، بابائے قوم حیدر علیئیف اور آذربائیجانی شہداء کو خراجِ عقیدت

باکو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کرتے ہوئے آذربائیجان کے بابائے قوم حیدر علیئیف کے مزار پر حاضری دی اور انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حیدر علیئیف کے مقبرے پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور جدید آذربائیجان کی تعمیر و ترقی کے لیے ان کی تاریخی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر وفد کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف باکو میں واقع یادگارِ شہداء ’’کوچۂ شہداء‘‘ پہنچیں، جہاں انہوں نے آذربائیجان کے قومی شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کی تصاویر کے سامنے عقیدت و احترام کا اظہار کیا۔

مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ آذربائیجان کے شہداء نے وطن کی آزادی، خودمختاری اور قومی وقار کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے عوام کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات مشترکہ تاریخ، احترام اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وفد نے آذربائیجان کے قومی ہیروز اور شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور دیگر حکام بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہمراہ موجود تھے۔

باکو میں وزیراعلیٰ پنجاب کی مصروفیات کو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط ہوتے سفارتی اور برادرانہ تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Related posts

باکو میں مریم نواز شریف کا شاندار سفارتی استقبال، صدر الہام علیئیف سے اہم ملاقات

را کے سابق سربراہ کا اعتراف، پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام قرار

دورۂ چین کے دوران امریکی وفد نے سخت سائبر سکیورٹی اقدامات اپناتے ہوئے چینی حکام کی جانب سے دی گئی تمام اشیا چین میں ہی چھوڑ دیں