باکو میں مریم نواز شریف کا شاندار سفارتی استقبال، صدر الہام علیئیف سے اہم ملاقات

باکو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات، اسٹریٹجک شراکت داری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، سفارتی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ تجارتی تعلقات میں اضافے اور مشترکہ ترقی کے وسیع امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صدر الہام علیئیف کو محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا خصوصی سلام پہنچایا، جس پر آذربائیجان کے صدر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا سلام بھی پاکستانی قیادت تک پہنچانے کی درخواست کی۔

صدر الہام علیئیف نے جدید آذربائیجان کے بانی حیدر علیئیف اور محمد نواز شریف کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو یاد کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ رشتوں کو خصوصی اہمیت دی۔

مریم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے ورلڈ اربن فورم میں شرکت کی دعوت پر آذربائیجان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور فورم کے شاندار انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ باکو ثقافت، تاریخ اور جدید شہری منصوبہ بندی کا حسین امتزاج ہے، جس کی خوبصورتی اور ترقی نے انہیں بے حد متاثر کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے جدید آذربائیجان کے بانی حیدر علیئیف کے مزار پر حاضری بھی دی اور انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ملاقات کے دوران آذربائیجان کے معروف ’’آسان خدمت‘‘ ماڈل کی طرز پر پاکستان میں عوامی سہولت مراکز کے قیام اور انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حالیہ ایران-امریکہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے ذمہ دارانہ اور ثالثی کردار کو سراہا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی مسلسل سفارتی کوششوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اقدامات کی بھی تعریف کی گئی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک پوزیشن خطے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے اور پاکستان مسلم اُمہ کی واحد ایٹمی قوت ہونے کے باعث عالمی سطح پر خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، تدبر اور مذاکرات کی طاقت کے ساتھ خطے میں ایک مؤثر اور ناگزیر ثالث کے طور پر ابھر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف کی انتھک محنت ہی پاکستان کی ترقی، امن اور استحکام کی بنیاد ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

صدر الہام علیئیف نے اس موقع پر کہا کہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی تعاون کا فریم ورک تیزی سے مضبوط ہو رہا ہے، جو خطے میں استحکام، ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

Related posts

باکو میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مصروفیات کا آغاز، بابائے قوم حیدر علیئیف اور آذربائیجانی شہداء کو خراجِ عقیدت

را کے سابق سربراہ کا اعتراف، پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام قرار

دورۂ چین کے دوران امریکی وفد نے سخت سائبر سکیورٹی اقدامات اپناتے ہوئے چینی حکام کی جانب سے دی گئی تمام اشیا چین میں ہی چھوڑ دیں