سعودی عرب ہماری سرخ لکیر، اس پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا”، پاکستان کا ایران کو دوٹوک پیغام: رائٹرز

سعودی عرب ہماری سرخ لکیر، اس پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا”، پاکستان کا ایران کو دوٹوک پیغام: رائٹرز

اسلام آباد: برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حالیہ میزائل حملوں کے بعد پاکستان نے ایران کو واضح پیغام دیا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی اس کے لیے “سرخ لکیر” کی حیثیت رکھتی ہے اور مملکت پر کسی بھی حملے کو پاکستان اپنی سلامتی کے خلاف اقدام تصور کرے گا۔

رائٹرز کے مطابق رواں ہفتے حوثیوں نے اپنے زیرِ قبضہ ایک ہوائی اڈے پر سعودی فضائی حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے سعودی عرب کی جانب میزائل داغے، جس کے بعد اسلام آباد میں صورتحال پر شدید تشویش پیدا ہوئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو خدشہ ہے کہ اگر کشیدگی میں اضافہ ہوا تو خطے کا یہ تنازع مزید وسیع ہوسکتا ہے اور پاکستان بھی اس کے اثرات سے متاثر ہوسکتا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایک پاکستانی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت نے ایران کو اعلیٰ ترین سطح پر یہ واضح کردیا ہے کہ “سعودی عرب ہماری سرخ لکیر ہے، اس پر ہونے والا کوئی بھی حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔”

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ سال باہمی دفاعی تعاون کے معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ اسی معاہدے کے تحت ہزاروں پاکستانی فوجی اور لڑاکا طیاروں کا ایک دستہ سعودی عرب میں تعینات ہے۔

رائٹرز کے مطابق پاکستان نے اس سے قبل بھی سعودی عرب پر ایران سے منسوب حملوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا، تاہم حالیہ حوثی حملوں کے بعد اسلام آباد کی تشویش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ علاقائی تجزیہ کاروں اور حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان ایک نئی جنگ کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، جس کے خطے کی مجموعی سلامتی پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ موجودہ کشیدہ صورتحال مستقبل میں امریکا اور ایران کے درمیان کسی ممکنہ ثالثی کردار کے حوالے سے پاکستان کے لیے نئی سفارتی پیچیدگیاں بھی پیدا کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس خبر میں پیش کیے گئے تمام دعوے برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ پر مبنی ہیں، جبکہ پاکستان اور ایران کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ عوامی بیان سامنے نہیں آیا۔

Related posts

امریکی اخبار کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا

امریکی ویب سائٹ کا دعویٰ سامنے آگیا

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کر دیا